حکومت لڑکیوں کو تعلیم اور کھیلوں میں آگے بڑھنے کی سہولت فراہم کر رہی ہے: چیف منسٹر گنڈاپور
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ان کی حکومت لڑکیوں کو تعلیم اور کھیلوں میں آگے بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثابت قدمی زندگی میں کامیابی کی کلید ہے اور عزم اور بلند حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش بالآخر کامیابی کا باعث بنتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان انٹر بورڈز گرلز کرکٹ اینڈ ٹینس چمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان مقابلوں کا آغاز 9 نومبر کو ہوا جس میں کے پی اور ملک بھر سے مختلف دیگر تعلیمی بورڈز کی ٹیموں نے حصہ لیا۔مسٹر گنڈاپور نے دیگر صوبوں کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔گنڈاپور نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کا مقصد ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں مستقبل کی عملی زندگی کے لئے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیلنجز کامیابی کے سفر کا حصہ ہیں اور ان کا سامنا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک شخص اس وقت عظیم ہوتا ہے جب وہ بڑے خواب دیکھتا ہے۔وزیراعلیٰ نے لاہور بورڈ کی کرکٹ ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دی اور نوجوانوں میں سرمایہ کاری کی اہمیت کا اعادہ کیا۔مسٹر گنڈاپور نے ہر ٹیم کے لئے 50,000 روپے کے نقد انعامات کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ٹینس میں لاہور بورڈ نے پہلی، مردان نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ پشاور بورڈ اور پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن لاہور نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اسی طرح لاہور بورڈ نے کرکٹ ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پشاور رنر اپ رہا۔وزیراعلیٰ نے پشاور بی آئی ایس ای میں نو تعمیر شدہ جمنازیم کا بھی افتتاح کیا جو 160 ملین روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے۔ اس سہولت میں باکسنگ، کراٹے، تائیکوانڈو، ریسلنگ رنگ، ٹیبل ٹینس کورٹ اور فٹنس جم شامل ہیں۔
0 Comment