لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان سمیت صوبے بھر میں 20 نومبر سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا۔

گزشتہ ماہ پنجاب میں اسموگ کی حالیہ صورتحال کو ‘آفت’ قرار دیا گیا تھا۔ 6 نومبر کو سموگ کی صورتحال خراب ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے 7 سے 17 نومبر تک 18 اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ ہفتے صوبے بھر میں اسکول 24 نومبر تک بند کر دیے گئے تھے۔گزشتہ تین روز کے دوران ہوا کے رخ میں تبدیلی کے ساتھ صوبے میں صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں بھی معمولی بہتری دیکھنے میں آئی اور یہ 12 دن میں پہلی بار خطرناک کیٹیگری سے باہر آگیا۔ ماہرین موسمیات نے آنے والے دنوں میں اسموگ کی شدت میں مزید کمی کی پیش گوئی کی ہے۔پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان ڈویژن کے علاوہ صوبے بھر میں بھی آج سے اسکول کھولنے کا حکم دیا تھا۔پنجاب کے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کی جانب  سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں ہوا کے معیار میں بہتری آئی ہے، پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش، ہوا کی سمت اور رفتار میں تبدیلی کی وجہ سے ہوا کا معیار بہتر ہوا ہے۔

لہٰذا لاہور اور ملتان ڈویژن سمیت پورے صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 20 نومبر (بدھ) سے طلباء اور عملے کی جسمانی موجودگی کے ساتھ کھولے جائیں گے۔عدالت نے ہدایت کی کہ اسکول کھولنے کا وقت صبح 8 بج کر 45 منٹ سے پہلے نہیں ہوگا، طلبا اور عملے کے لیے ماسک پہننا بھی لازمی ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ آئندہ احکامات تک آؤٹ ڈور کھیلوں اور آؤٹ ڈور ہم نصابی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ایجنسی نے تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک کے رش سے بچنے کے لئے کلاس کے لحاظ سے اسکول بند کرنے کے اوقات متعارف کروائیں۔محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس کے زیر انتظام تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بدھ سے ای پی اے کی جانب سے لازمی پابندیوں کے تحت کھلیں گے۔عدالت نے صوبے بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز اور کالجز کے ڈائریکٹرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ اس کے احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔