پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وکٹ کیپر محمد رضوان کو کپتان اور آل راؤنڈر آغا سلمان کو وائٹ بال فارمیٹ کے لیے کرکٹ ٹیم کا نائب کپتان مقرر کردیا۔

بابر اعظم نے 2 اکتوبر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے ایک روزہ اور ٹی 20 کپتان کے عہدے سے دستبردار ہو رہے ہیں۔ بابر اعظم کے استعفے کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی کو وائٹ بال کا اگلا کپتان تلاش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے رضوان کو ون ڈے انٹرنیشنل اور سلمان کو بالترتیب ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 انٹرنیشنل کے لئے کرکٹ ٹیم کا نائب کپتان بنانے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف آئندہ میچوں کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ پاکستانی اسکواڈ کے مطابق کپتان رضوان کو زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔